 |
| بالی میں اقوام متحدہ کے زیرِ اہتمام کانفرنس |
یورپی یونین نے واشنگٹن پر یہ الزام لگاتے ہوئے کہ وہ بالی میں جاری اقوام متحدہ کے زیرِ اہتمام کانفرنس میں آلودگی میں نمایاں کمی کے مقاصد کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے، اگلے ماہ عالمی حدت پر امریکی قیادت میں ہونے والے بائیکاٹ کی دھمکی دی ہے۔
جمعرات کے روز انڈونیشیا میں گفتگو کرتے ہوئے یورپی یونین کے اعلی ترین نمائندے ہمرٹورو روزا نے کہا کہ اگر بالی مذاکرات ناکام ہوگئے تو امریکہ میں بڑی معیشتو ں کے اجلاس کا انعقاد بے معنی ہوگا۔
یورپی یونین اور 190 ملکوں کے بالی مذاکرات گرین ہاؤس گیس کے اخراج میں 25 سے 40 فی صد کمی کا ہدف مقرر کرنا چاہتے ہیں، لیکن امریکہ کینیڈا اور جاپان ایسے اہداف کے مخالف ہیں۔ اقوام متحدہ کے ماحولیاتی سے متعلق اعلیٰ ترین عہدے دار یاوی ڈی بوئیر نے کہا ہے کہ امریکہ اور یورپی یونین کے درمیان تعطل سے بالی مذاکرات کے پٹڑی سے اترجانے کا خطرہ پیدا ہورہا ہے جو جمعےکو ختم ہورہے ہیں۔
تاہم بالی میں امریکی وفد کی سربراہ پاؤلا ڈوبر نسکی نے کہا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ ابھی اختلافات دور کرنے اور بالی روڈ میپ پر اتفاق رائے پیدا کرنے کا وقت باقی ہے۔