امریکہ میں ہزاروں مسافروں کو اس وقت اپنی پروازوں کو ری شیڈول کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب جمعے کے روز امریکی فضائی کمپنیوں نے حفاظتی معائنے کے لیے کم از کم 570 مزید پروازوں کو منسوخ کردیا۔
امریکہ کی سب سے بڑی فضائی کمپنی امریکن ایر لائنز منگل سے اب تک اپنی تین ہزار سے زیادہ پروازیں منسوخ کرچکی ہے۔ اس کے فضائی بیٹرے کے کم ازکم 20 فی صد جیٹ جہاز پرواز نہیں کرپارہے۔
پروازوں کی منسوخی سے ملک بھر میں ہوائی اڈوں پر افراتفری پھیل گئی ہے، ہزاروں مسافر پھنس کررہ گئے ہیں اور امریکی فضائی کمپنیوں کو کروڑوں ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔
ہوائی کمپنی کو اپنے 300 سے زیادہ درمیانے سائز کے دوانجنوں والے جیٹ جہازوں کوالیکٹرک وائرنگ کے لازمی وفاقی حفاظتی معائنے کے لیے گراؤنڈ کرنا پڑاہے۔
سرکاری فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نےایک اور فضائی کمپنی ساؤتھ ویسٹ ایئر لائنز میں معائنے اور دیکھ بھال کے نقائص کا علم ہونے کے بعد حال ہی میں ایئر لائن سیفٹی کی جانچ پڑتال میں اضافہ کردیا ہے۔