 |
|
صدر بش اپنی اہلیہ اور صاحب زادی کے ہمراہ پوپ کا استقبال کر رہے ہیں |
آج منگل کے روز جب پوپ بینی ڈیکٹ واشنگٹن ڈی سی کے قریب واقع ایرفورس کے اینڈریو ہوائی اڈے پر اترے تو لوگوں کے ہجوم نے ان کا استقبال کیا۔ یہ پوپ کا رومن کیتھولک چرچ کا سربراہ مقرر ہونے کے بعد سے امریکہ کا پہلا دورہ ہے۔
صدر جارج بش، خاتونِ اول لارا بش اور ان کی صاحب زادی جینا نے ہوائی اڈےپر پوپ کا خیرمقدم کیا۔ اس موقعے پر اعلیٰ امریکی فوجی حکام رسمی لباس میں ملبوس تھے۔ پوپ نے منتظر مذہبی رہنماؤں اورپادریوں سے ہاتھ ملائے۔
پوپ اپنے چھ روزہ امریکی دورے میں واشنگٹن اور نیویارک میں کھلی فضا میں منعقد کی جانی والی مذہبی تقریبات میں شرکت کریں گے۔ اس دوران وہ کیتھولک فرقے سے تعلق رکھنے والے علما اور دوسرے مذاہب کے نمائندوں سے ملاقاتوں کے علاوورلڈ ٹریڈ سنٹر کے مقام پر جا کر دعا بھی کریں گے۔
بعض ماہرین کا خیال ہے کہ پوپ کے دورے کا نقطہٴ عروج جمعے کے روز ان کا اقوامِ متحدہ سے خطاب ہو گا۔
پوپ کا امریکہ کا دورہ ان کی نجی زندگی کے دو اہم ترین واقعات کے دوران ہورہا ہے۔ بدھ کے روز ان کی 81 ویں سالگرہ ہے اور ہفتے کا روز پوپ کے طورپر ان کے انتخاب کی تیسری سالگرہ کا دن ہے۔