 |
|
اسامہ بن لادن، دنیا کے سب سے زیادہ مطلوب مجرم |
بھارت کے مشہور ترین مفرور ملزم داؤد ابراہیم اب دنیا کے دس خطرناک ترین ملزمان کی فہرست میں شامل ہوگئے۔
امریکہ کے مشہور فوربز میگزین کی شائع کی گئی اس فہرست میں اسامہ بن لادن کا نام پہلے نمبر پر ہے جبکہ داؤد ابراہیم کا نام چوتھے نمبر پر ہے۔
بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ داؤد ابراہیم 1993ء میں ممبئی میں ہونے والے بم دھماکوں میں ملوث تھے۔ ان دھماکوں میں 257 لوگ ہلاک اور 713 زخمی ہوئے تھے۔
فوربز میگزین کے مطابق داؤد ابراہیم پر ممبئی بم دھماکوں کے علاوہ یہ بھی شبہ ہے کہ وہ ایک جرائم پیشہ گروہ ڈی کمپنی کے سربراہ ہیں جو عالمی سطح پر غیر قانونی کاروائیوں مثلًا منشیات اور اسلحے کی سمگلنگ، جعلی کرنسی چھاپنے اور قتل میں ملوث ہے۔
یہ بھی کہا جاتا ہے کہ ابراہیم نے القاعدہ کے ساتھ تعلقات استوار کر لیے ہیں ۔ امریکہ نے داؤد ابراہیم کو عالمی دہشت گرد قرار دے رکھا ہے اور اقوام متحدہ نے ان کے اثاثے بھی منجمد کرنے کی کوشش کی تھی۔
داؤد ابراہیم کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ پاکستان میں کہیں روپوش ہیں لیکن پاکستانی حکومت ان الزامات کی تردید کرتی آئی ہے۔
فوربز میگزین میں داؤد ابراہیم کے متعلق یہ بھی لکھا ہے کہ ان کے مبینہ طور پر پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی سے قریبی تعلقات ہیں اورہ وہ بھارتی، پاکستانی اور یمنی پاسپورٹوں پر سفر کرتے ہیں۔
بعض افراد کو شبہ ہے کہ مسٹر ابراہیم نے اپنی شکل و صورت تبدیل کرنے کے لیے پلاسٹک سرجری کرا رکھی ہے۔
فوربز میگزین ہر سال دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست شائع کرنے کے لیے مشہور ہے اور اس نے دنیا کے خطرناک ترین مفرور ملزمان کی فہرست پہلی دفعہ شائع کی ہے۔ یہ فہرست بنانے کے لیے فوربز نے ایف بی آئی سمیت دنیا کے مختلف ممالک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے معلومات حاصل کیں۔
داؤد ابراہیم اور اسامہ بن لادن کے علاوہ اس خطرناک ترین افراد کی فہرست میں دنیا بھر سے ڈرگ مافیا کے طاقت ور اور اہم افراد کو شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ افریقہ میں 1994ء میں روانڈا میں ہونے والے نسل کشی کے واقعات میں ملوث فلیسین کبوگا کا نام بھی ان مفرور افراد میں شامل ہے۔