 |
| محمود خان اچکزئی |
آل پارٹیز ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ اور قوم پرست سیاستدان محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ اگر مخلوط حکومت نے 12مئی کو معزول ججوں کو بحال نہ کیا تو اُن کا اتحاد حکومت کے خلاف ملک گیر تحریک چلائے گا۔
ہفتے کو کوئٹہ میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ ججوں کی بحالی ملک کے 16کروڑ عوام کا مطالبہ ہے اور اِسی بنیاد پر پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن کو انتخابات میں کامیابی ملی۔
اُن کے بقول دو نومبر کو ایک آمر، ایک جرنیل، ایک غیر آئینی صدر نے خود ایک غیر ملکی ٹیلی ویژن ٹیم سے کہا کہ دو نومبر کو جو کچھ میں نے کیا وہ غیر آئینی ہے۔
اچکزئی نے سوال کیاکہ اِس بات پر اگر پاکستان کی پارلیمنٹ فیصلہ نہیں دے سکتی، تو کوئی کیسے خاموش رہ سکتا ہے، نہ ہی اے پی ڈی ایم خاموش رہے گی۔اُن کے بقول، اُنہیں اِس شخص سے کوئی ذاتی پُر خاش نہیں، لیکن ایک غیر آئینی کام ہوا ہے جِسے آئینی بنانا ہے۔
اچکزئی نے مطالبہ کیا کہ گذشتہ سال 12مئی کو کراچی میں خوں ریز واقعات اور 45افراد کی ہلاکت کے اصل ذمہ داران کو گرفتار کیا جائے، اور اِس واقعے کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے۔
اُنہوں نے اعلان کیا کہ اے پی ڈی ایم اِس حوالے سے پیر کے روز احتجاجاً یومِ سیاہ منائے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے بھی کوئی اقدام نہیں کیا جِس کے باعث روزمرہ استعمال کی اشیابالخصوص آٹا، دال، چاول اور چینی کی قیمتیں غریب عوام کی قوتِ خرید سے باہر ہوگئی ہیں۔
یاد رہے کہ اے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے 18فروری کے عام انتخابات کا بائیکاٹ کیاتھا۔