جنوبی وزیرستان کے مرکزی قصبے وانات میں قبائلیوں نے اتوار کے روز بتایا کہ سرحد پار افغانستان سے اتحادی افواج کی ایک کارروائی میں ہلاک ہونے والے نو مبینہ جنگجوؤں کی لاشیں متعلقہ لوگوں کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
ہلاک ہونے والوں میں حکومت کے وفادار مذہبی رہنما ملا نذیر کا قریبی ساتھی مولوی اقبال بھی شامل ہے۔
مقامی قبائلیوں نے بتایا کہ مولوی اقبال کی قیادت میں ایک درجن کے لگ بھگ جنگجو افغانستان کے سرحدی صوبے پکتیا کے ضلعے ورگن کے علاقے مَرانہ میں اتحادی افواج کے ساتھ ایک جھڑپ میں ہلاک ہوئے۔ہلاک ہونے والے تین جنگجوؤں کی لاشیں ابھی تک وانا منتقل نہیں کی گئی ہیں۔
ہلاک ہونے والوں میں مولوی اقبال سمیت سات افراد جنوبی وزیرستان سے تھے، جب کہ دو کا تعلق پنجاب سے بتایا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ تقریباً 14ماہ قبل حکومت کے ساتھ ہونے والے معاہدے میں مولوی نذیر نے وعدہ کیا تھا کہ وہ اور اُن کے ساتھی سرحد پار افغانستان میں سرکاری اور اتحادی افواج کے خلاف حملے نہیں کریں گے۔