سری لنکا کے انتخابی کمشن نے کہا کہ ملک کی حکمران جماعت مشرقی صوبے میں ہونے والے لوکل کونسل کے انتخابات جیت چکی ہے تاہم مبصرین کا کہنا ہے کہ انتخابات میں جعل سازی کی گئی اور ووٹروں کو ہراساں کیا گیا۔
ترینکومالی، بٹی کولا اور آمپارا ضلعوں کے رہائشیوں نے ہفتے کے روز ایک نئی صوبائی اسمبلی کے لیے ووٹ ڈالے۔ اتوار کے روز اعلان کیے گئے نتائج کے مطابق حکمران یونائیٹڈ پیپلز فریڈم الائنز کے اتحاد نے 35 رکنی اسمبلی کی 20 نشستیں جیت لیں۔
مشرقی صوبے میں 20 سال میں یہ پہلا انتخاب تھا۔ سری لنکا کے عہدے داروں نے کہا ہے کہ یہ انتخابات جو حکومت کی جانب سے تامل باغیوں سے اس مشرقی حصے کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرنے کے ایک سال بعد ہوئے ہیں ،اس کشیدہ خطے کے لیے ایک نیا آغاز ہیں ۔
حزب اختلاف کی یونائیٹڈ نیشنل پارٹی نے بھی وسیع پیمانے پر بے قاعدگیوں کی شکایت کی ہے اور نتائج کو مسترد کردیا ہے۔
صدر مہندہ راجا پاکسے کی حکمران جماعت نے ان انتخابات میں ٹی ایم وی پی نامی ایک الگ ہوجانے والے باغی گروپ کےساتھ اتحاد کیا تھا ۔ ٹی ایم وی پی پر قتل، اغوا اور بچوں کو فوجیوں کے طور پر بھرتی کرنے کے الزامات ہیں۔