 |
|
براک اوباما |
امریکہ کے ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار براک اوباما پیر کے روز مونٹانا میں اپنی صدارتی مہم چلا رہے ہیں جبکہ ان کی پارٹی کی حریف ہلری کلنٹن کنٹکی میں اپنی صدراتی مہم میں مصروف ہیں۔
یہ مہمیں کنٹکی اور اوریگان میں ہونے والے پرائمری انتخابا ت کے سلسلے میں چلائی جارہی ہیں۔
رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق کلنٹن کو اوباما پر برتری حاصل ہے اور انہیں چار سابق ریاستی گورنروں کی توثیق حاصل ہوگئی ہے۔
اوباما نے اتوار کے روز اوریگان میں اپنی انتخابی مہم چلائی ہے جہاں ان کی جیت کا امکان پایا جاتا ہے۔ لگ بھگ 75 ہزار افراد پورٹ لینڈ میں ہونے والی ایک ریلی میں شریک ہوئے جہاں اوباما نے بش انتظامیہ کی اقتصادی اورتوانائی سے متعلق پالیسیوں اور عراق میں جنگ کی وجہ سے اس پر نکتہ چینی کی۔
ری پبلکن کی جانب سے تقریباً طے شدہ نامزد امیدوار سینٹر جان مک کین شکاگو ، الی نوائے میں پیر کے روز نیشنل ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن سے خطاب کریں گے اور جنوبی امریکی ریاست جارجیا میں تقریبات میں شرکت کریں گے۔