پاکستان اور بھارت کے درمیان جامع مذاکرات کے چوتھے دور کا جائزہ لینے کے لیے بھارتی وفد سیکریٹری خارجہ شیو شنکر مینن کی قیادت میں پیر کو اسلام آباد پہنچ رہا ہے۔ دونوں ملکوں کے مابین باضابطہ بات چیت منگل کے روز ہوگی ۔
جامع مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل امن و سلامتی ، مسئلہ کشمیر، سیاچن، سرکریک، وولر بیراج، انسداد دہشت گردی، منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام، اقتصادی تعاون اور دوستانہ تبادلوں میں اضافے سے متعلق امور کا جائزہ لیا جائے گا۔
بھارت کے وزیر جارجہ پرناب مکھرجی بھی اسی ہفتے پاکستان آرہے ہیں جہاں وہ بدھ کے روز اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقات کریں گے۔پاکستانی دفتر خارجہ کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق دونوں ملکوں کے حکام اس بات چیت میں تصفیہ طلب تنازعات کو بامعنی طریقے سے حل کرنے پر غور کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ محمد صادق نے امید ظاہر کی ہے کہ اس بات چیت میں مسئلہ کشمیر سمیت دیگر تنازعات کے حل کے حوالے سے پیش رفت ہوگی۔بیان میں کہاگیا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم رکھ کر ایک مستحکم اور خوشحال جنوبی ایشیا دیکھنا چاہتا ہے۔