واشنگٹن کو عجائب گھروں کا شہر کہا جاتا ہے۔یوں تو اس شہر میں ہر چیز کا الگ میوزیم موجود ہے مگر آج ہم آپ کو ایک نئے قائم ہونے والے عجائب گھر کے بارے میں بتارہے ہیں۔اس کا نام نیوزیم ہے۔یعنی ایک ایسا عجائب گھر جو خبروں کی دنیا سے متعلق ہے۔
واشنگٹن کے عین درمیان میں تاریخٰی عمارتوں کے درمیان بنائے گئے اس میوزیم کی عمارت میں پتھر کا استعمال نظر نہیں آتا۔ باہر سڑک پر سے گزرنے والے شیشے کی دیواروں کے پار با آسانی دیکھ سکتے ہیں۔ یعنی عمارت کے اندر بڑی سکرینوں پرحرکت کرتی تصویروں کےپل پل بدلتے رنگ۔ عمارت کی بیرونی دیوار پر یہ عبارت لکھی ہے کہ امریکی آئین ان پانچ شہری آزادیوں کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔بات کرنے کی آزادی، مذہب اختیار کرنے کی آزادی، اکٹھے ہونے کی آزادی، حکومت کے خلاف درخواست دائر کرنے کی آزادی اور صحافت کی آزادی۔
آپ اس سات منزلہ عمارت میں کئی گھنٹے ہی نہیں بلکہ کئی ہفتے گذار سکتے ہیں۔ نیوزیم کی نائب صدر سوزن بینٹ کا کہنا ہے کہ عجائب گھر کو دیکھنے کے لیے کئی قسم کے لوگ آتے ہیں۔ جن کے پاس وقت کم ہوتا ہے وہ مختلف فلورز پر جھانکتے ہوئے اور کوئی ایک آدھ دستاویزی فلم دیکھ کر ڈیڑھ گھنٹے میں باہر نکل جاتے ہیں۔
دوسری قسم کے افراد میوزیم میں اس سے کچھ زیاد ہ وقت صرف کرتے ہیں۔ وہ نیوز ہسٹری گیلری میں دراز کھینچ کر کوئی تاریخی اخبار دیکھتے ہیں یا نائن الیون کے صحافیوں کے بارے میں ویڈیوز پر نظر ڈالتے ہیں۔ تیسری قسم کے سیاح وہ ہیں جو عجائب گھر میں بہت وقت گذارتے ہیں اور وہ نیوزیم میں رکھا جانے والا تمام مواد حرف بحرف پڑھنا چاہیے ہیں۔
نیو زئم بہت سے لوگوں کے تصورات کی نمائندگی کرتا ہے۔ یوایس اے ٹوڈے کے بانی ایلن نوہرتھ کا بنایا ہوا فریڈم فورم نیوذیم کو زیاد ترفنڈز فراہم کرتا ہے۔ پہلا میوزئیم 1997میں ورجینیا میں قائم کیا گیا تھا۔ وہ پانچ سال تک چلتا رہا۔ اسے بڑی تعداد میں دیکھنے کے لیے لوگ آئے۔ چنانچہ اس کےبعد پھر ایک بڑی عمارت میں ایک بڑا میوزیم قائم کیا گیا۔