عمر وقار اور کشن پٹیل دو نوجوان فن کار ہیں جو اپنے موسیقی کے ذریعے پاکستان اور بھارت کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کو فروغ دینے کا عزم رکھتے ہیں۔
یہ دونوں فن کار امریکہ میں پلے بڑھے ہیں۔ انہیں مشرقی موسیقی سے عشق ہے۔ کشن پٹیل کی عمر صرف پندرہ سال ہے۔ وہ کسی ماہر فن کار کی طرح طبلہ بجاتے ہیں۔ عمروقار کی دلچپی ہارمونیم میں ہے مگر وہ گٹار بھی بہت اچھا بجاتے ہیں۔ امریکہ کی مصروف زندگی میں ان دونوں فن کاروں کو اکھٹے مل کر ریاض کرنے کا وقت بہت کم ملتا ہے۔ مگر انہیں توقع ہے کہ مشرقی موسیقی کو یہاں پر متعارف کرانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
کشن پٹیل
عمر وقار پاکستانی ہیں جبکہ کشن لال کا تعلق بھارت سے ہے۔ دونوں کے درمیان صرف موسیقی کا ہی رشتہ نہیں ہے بلکہ گہری دوستی بھی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کی خواہش ہے کہ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان دوستی اور محبت کو فروغ حاصل ہو۔ عمر وقار کہتے ہیں کہ موسیقی کا فن دونوں ملکوں کے عوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سیاست دان ناکام ہوجاتے ہیں تو پھر فن کار کاکام شروع ہوجاتا ہے۔