بھارتی رہنماؤں نے دائیں بازو
کے سیاست دانوں کی جانب سے کی جانے والی
اس اپیل کی مذمت کی ہے کہ بھارت میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کی روک تھام کے لیے ہندو
خود کش حملہ آور مسلمان حملہ آوروں کا توڑ پیدا کریں۔
بدھ کے روز شائع ہونے والے ایک
مضمون میں بال ٹھاکرے نے کہا تھا کہ بھارت
کو محفوظ بنانے کے لیے ہندو خود کش حملہ آوروں کا ایک جتھا ترتیب دیا جانا چاہیئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن محلوں میں مسلمان دہشت گرد رہتے ہیں وہاں بم نصب کیے جائیں۔
مسٹر ٹھاکرے شیو سینا کے رکن
ہیں جو مہاراشٹر کی ہندو انتہا پسند جماعت ہے۔ان کے یہ بیانات'سامنا'نامی اخبار
میں شائع ہوئے تھے۔
جمعرات کے روز بھارت کی حکمران
کانگریس پارٹی کے ارکان نے ان بیانات کی
سخت مذمت کی ہے۔
بھارت کی اہم قوم پرست جماعت
بھارتیہ جنتا پارٹی یا بی جے پی نے بھی مسٹر ٹھاکرے کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے
کہاہے کہ عوام قانون کو اپنے ہاتھ میں
نہیں لے سکتے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے مسئلے سے نبٹنے کے لیے جمہوری
ذرائع موجود ہیں۔