شاہی محل سے راجا گیانیندر کی رخصتی اور ملک سے بادشاہت کے خاتمے کا اثر معزول راجا کے پوتے پوتیوں پر بھی پڑا ہے۔ کھٹمنڈو کے ایک روزنامے کے مطابق 28 مئی کو نیپال کے جمہوری مملکت بننے کے بعد سابق راجا کے تین پوتے پوتیوں نے جان کے خطرے کے ڈر سے سکول جانا ترک کر دیا ہے۔
سابق ولی عہد پارس اور ان کی اہلیہ ہمانی کے تین بچے ہیں۔ بڑی بیٹی پونیکا آٹھ سال کی اور چھوٹی بیٹی کرتیکا پانچ سال کی ہے اور ان دونوں کے درمیان چھہ سالہ ہردیندر ہے۔ یہ بچے شہر کے سب سے مہنگے سکول میں پڑھتے ہیں۔ تاہم یہ بچے گذشتہ دو ماہ سے سکول نہیں جا پائے ہیں، اس کے باوجود کہ ان کے امتحانات سر پر ہیں۔ یہ واضح نہیں ہے کہ یہ بچے امتحانات میں بیٹھ سکیں گے یا نہیں۔
اخبار کے مطابق بچوں کی ماں کا منصوبہ تھا کہ وہ بچوں کو تعلیم کے لیے بھارت منتقل کر دیں، لیکن سابق راجا گیانیندر نے اسے مسترد کر دیا ہے۔