 |
نیلسن
منڈیلا |
ممتاز فن کاروں ، اہم شخصیات اور سیاست دانوں نے نیلسن
منڈیلا کی آنے والی 90 ویں سالگرہ منانے کے سلسلے میں منعقد ہونے والی ایک تقریب
میں شرکت کی۔
لندن کے ہائیڈ پارک میں جمعے کے روز شام کے وقت ایک فلاحی
کنسرٹ میں ڈیم شیرلی باسی ، کوئین ، ایمی وائن ہاؤس، لیونا لیوس، اینی لینوکس اور
سوویتو گوسپل نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
برطانوی وزیر اعظم گورڈن براؤن، سابق امریکی صدر بل کلنٹن،
امریکی اداکار ول اسمتھ اور امریکی ٹیلی وژن کی ممتاز شخصیت اوپرا ون فری نے بھی
اس تقریب میں شرکت کی۔
مسٹر منڈیلا نے حاضرین کو بتایا کہ آزادی کے لیے ان کا کام
ابھی مکمل نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں غربت، بیماری اور استبداد ہے،
وہاں ابھی مزید کام کی ضرورت ہے ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی کے نوے
برس گذار لیے ہیں اوراب آپ سب کو میرے کام کو جاری رکھنا ہے۔
اس کنسرٹ سے حاصل ہونے والی آمدنی ایڈز کے لیے فلاحی امداد
نمبر46664 کو دی جائے گی۔ یہ وہ نمبر ہے جو مسٹر منڈیلا کو جنوبی افریقہ کی نسلی
امتیاز کے حکام نے انہیں جیل میں الاٹ کیا تھا۔
جمعے کے روز ہونے والا کنسرٹ ، اسی تاریخ کو ہوا جب 20 سال
قبل منڈیلا کی قید سے رہائی کے مطالبے کے لیے لندن میں، فری منڈیلا کنسرٹ، منعقد
ہوا تھا۔
مسٹر منڈیلا 18 جولائی کو 90 برس کے ہوجائیں گے۔
ایک اور پیش رفت میں جمعے کے روز امریکی کانگریس نے صدر بش
کو ایک بل بھیجا جو نیلسن منڈیلا کو امریکہ آنے کی اجازت ہوگی اور امریکی وزیر
خارجہ کی طرف سے اس تصدیق کی ضرورت نہیں ہوگی کہ وہ ایک دہشت گرد نہیں ہیں۔