ایک اعلیٰ روسی تفتیش کار نے
کہا ہے کہ جس شخص پر دو سال قبل ایک ممتاز صحافی اور کریملن پر تنقید کرنے والی
اینا پولٹ کووسکایا کی ہلاکت کا الزام عائد گیا تھا وہ مغربی یورپ میں روپوش ہے۔
استغاثہ کے دفتر کے ایک تفتیش
کار الیگزینڈر بسٹریکن نے منگل کے روز بتایا کہ عہدے داروں کو اس ملک کے بار ے میں
علم ہے جہاں مشتبہ رستم محمودوف روپوش ہے۔ بستریکن نے ملک کا نام نہیں بتایا لیکن
ایک روسی ریڈیو نے نامعلوم عہدے داروں کے حوالے سے بتایا کہ وہ ملک بلجیئم ہے۔
اکتوبر 2006ء میں ایک مسلح شخص
نے پولٹ کووسکایا کو ماسکو میں اس کی اپارٹمنٹ
بلڈنگ میں گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔ وہ ایک غیر سرکاری ہفتے وار جریدے
'نووایا گزیٹا' میں کام کرتی تھی اور اس نے چیچنیا میں عام شہریوں کے خلاف ظلم و
جبر پر مبنی رپورٹوں کے باعث حکومت کو ناراض کردیا تھا۔