بھارتی فلم انڈسٹری میں ان دنوں اینیمیشن فلموں کو بنانے کی دوڑ سی لگی ہوئی ہے۔ ’یش راج فلمز’، ’پرتیش نندی کارپوریشن’ اور ’دھرما پروڈکشنز ی‘ کے بعد اب’ریڈ چیلیز اینٹرٹینمینٹ‘ بھی اینیمیشن فلموں کو بنانے کے لیے میدان میں کود پڑی ہے۔ جی ہاں ریڈ چیلیز اینٹرٹینمینٹ کمپنی کے مالک شاہ رخ خان نے ہندو مائتھالوجی رامائن میں راون کے کردار پر اینیمیشن فلم’راون ‘ بنانے کا اعلان کیا ہے ۔ بڑے پیمانے پر بننے والی اس کارٹون فلم کو بنانے کی ذمےداری شاہ رخ نے انوبھئو سنھا کو سونپی ہے۔ انوبھئو سنھا بالی وڈ میں ’تم بن ‘، ’دس‘ اور’ کیش ‘جیسی فلمیں بناکر اپنی فلم سازی کا لوہا منوا چکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق فلم کا اسکرپٹ عنقریب تیار ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ بالی وڈ کے کِنگ خان ہر کام اپنے شاہانہ انداز میں کرنے کے لیے مشہور ہیں ۔ بقول شاہ رخ اُن کی یہ مہنگی اینیمیشن فلم بچوں کے لیے تحفہ ہوگی۔ شاہ رخ کے پروڈکشن ہاؤس میں اسٹیٹ آف دی آرٹ ایس ایف ایکس اسٹوڈیوں جیسی جدید ٹیکنالوجی مہیا ہے جن کا استعمال ’اوم شانتی اوم‘ اور ’ڈان‘ جیسی ہٹ فلموں کو بنانے کے لیے بھی کیاگیا تھا۔ 2005ء میں پھلی بھارتی اینیمیشن فلم’ہنومان‘ ریلیز کی گئی جس نے باکس آفس پر بے حد اچھا بزنس کیا تھا۔ اُس کے بعد سے فلمی صنعت کے بڑے فلم ساز اور فلمی کمپنیاں اینیمیشن فلموں کی جانب تیزی کے ساتھ راغب ہو رہی ہیں۔ بالی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان اور ان کے بیٹے آریان نے 2004ء میں ڈزنی کی فیچر فلم ’دی انکریڈیبلز‘ کے لیے پس پردہ اپنی آوازیں دی تھیں۔ ماناکہ بھارت میں اینیمیٹڈ فلمیں بنانے کا چلن بہت پرانا نہیں، تاہم بھارت کی اینیمیٹڈ فلم انڈسٹری نے دنیا بھر کے کئی بین الاقوامی پروڈکشن ہاؤسز اور اینٹرٹینمنٹ کمپنیوں کے لیے کم قیمت پر بہترین کام کر کے اپنے ہُنر کا لوہا منوا لیا ہے۔