آصف زرداری مکمل طور پر متوازن شخصیت کے مالک ہیں: مہرین انور راجا
پاکستان پیپلز پارٹی نے برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز میں شائع ہونے والی اس رپورٹ کی مذمت کرتے ہوئے اس کو غلط اور بلاجواز قرار دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ آصف زرداری سنگین دماغی امراض کا شکار ہیں۔
وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی مہرین انور راجا نے کہا کہ آصف زرداری کے خلاف وہ عناصر پروپیگنڈا کررہے ہیں جو ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا کر پاکستان میں عدم استحکام پھیلانا چاہتے ہیں:
’زرداری صاحب کسی بھی سٹیج پر دماغی امراض سے دوچار نہیں رہےاور انھوں نے گیارہ سال جو قید کاٹی ہے، میں اس کی گواہ ہوں کیوں کہ میں ان کی وکیل تھی۔ زرداری صاحب بالکل بیلنسڈ پرسنالٹی تھے۔‘
واضح رہے کہ فنانشل ٹائمز نے بعض غیر ملکی ماہرینِ نفسیات کی طبی دستاویزات کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا تھا کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین ڈیمنشیا، یعنی ذہنی انحطاط اور شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، جو ڈاکٹروں کے مطابق طویل قید کاٹنے کا نتیجہ ہے۔
تاہم پیپلز پارٹی کی ایک اور رکن اسمبلی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وہ ان طبی دستاویزات کو چیلنج کر سکتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سولہ کروڑ عوام کا اگر نفسیاتی تجزیہ کیا جائے تو ڈپریشن اور دوسری نفسیاتی بیماریاں عام ملیں گی، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ لوگ ذہنی انحطاط کا شکار ہیں۔