ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام پاکستان کے فاسٹ بالر محمد آصف کے وکیل شاہد کریم کا کہناہے کہ محمد آصف کے ڈوپ ٹیسٹ میں قوائد کی خلاف ورزی کی گئی ہے اور حد سے زیادہ جلد بازی کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔لہٰذا،محمد آصف کے بری ہونے کے کافی امکانات ہیں۔ اُنہوں نے بتایا کہ قوانین و ضوابط معنی رکھتے ہیں لیکن اُن کا بے دریغ استعمال جائز نہیں ہے۔’افسوس یہ کہ وہ جلد بازی میں ہیں، اور من پسند اقدام کرنا چاہتے ہیں۔‘ اِس دوران محمد آصف کو آئی پی ایل ڈرگ ٹرائبیوبل نے سماعت کے لیے 30اگست کو بھارت طلب کیا ہے، لیکن اُن کے وکیل شاہد کریم نے سماعت کے لیے ستمبر کی تاریخ مانگی ہے۔ دریں اثنا، چمپینز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ سے پیدا شدہ خلا کو پُر کرنے کے لیے پاکستان اسپورٹس بورڈ نے جنوبی افریقہ میں ایک تین قومی ٹورنامنٹ کے لیے کوششیں تیز تر کردی ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ افسر شفقت نغمی نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ جنوبی افریقہ اور سری لنکا نے اِس سیریز کے لیے تقریباً آمادگی ظاہر کردی ہے۔ تاہم تفصیلات طے ہونا ابھی باقی ہیں۔ شفقت نے کہا کہ یہ تین قومی کرکٹ ٹورنامنٹ ستمبر میں جنوبی افریقہ میں ہونے کی توقع ہے۔