تھائی لینڈ میں ہزاروں مظاہرین بنکاک میں سرکاری عمارتوں پر بدستور قبضہ کیے ہوئے ہیں، باوجود اس کے کہ عدالت نے انہیں قبضہ چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔
ایک سول عدالت نے بدھ کے روز حکومت کی درخواست پر مظاہرین کے لیے ایک حکم جاری کیا کہ وہ سرکاری احاطے اور اس کے اردگرد کے علاقے کو فوری طورپر چھوڑ دیں۔ لیکن ایسا دکھائی دیتا ہے کہ پولیس نے اس حکم پر عمل درآمد کے لیے کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔
ہزاروں سرگرم کارکنوں نے منگل کے روز سے اس احاطے پر یہ کہتے ہوئے قبضہ کیا ہوا ہے کہ جب تک وزیر اعظم سماک سندر راجیو استعفی نہیں دے دیتے وہ عمارت پر قابض رہیں گے۔
بدھ کے روز بنکاک کی ایک فوجی عدالت نے نو احتجاجی لیڈروں کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے۔ ابھی تک کسی کی گرفتاری کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔
عدالتی عہدے داروں نے کہا ہے کہ ان نو افراد کو بدامنی پیدا کرنے اور حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کرنے کا سامنا ہے۔