پاکستان پیپلز پارٹی کے لیڈر آصف علی زرداری ملک کے نئے صدر کے طور اس ہفتے کے اوائیل میں حلف اٹھائیں گے۔
حکام کو توقع ہے کہ حلف برداری کی تقریب منگل کو ہوگی۔
پاکستان کی قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان نے ہفتے کے روز صدارتی انتخاب میں حصّہ لیا اور انہیں دو تہائی اکثریت سے منتخب کر لیا گیا۔ جناب زرداری نے صدارتی انتخاب میں کامیابی کے بعد کہا ہے کہ وہ پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے سمیت صدر کے وسیع تر اختیارات کو چھوڑ دیں گے۔
نئے صدر کو ملک میں بڑھتی ہوئی شورش سے نمٹنے کے لیے جلد ہی کٹھن فیصلے کرنے ہوں گے۔
صدر منتخب ہونے سے قبل جناب زرداری نے عسکریت پسندوں کے خلاف جنگ کرنے کے سلسلے میں امریکہ کے ساتھ کام کرنے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔ تاہم دونوں ملکوں کے درمیان پچھلے ہفتے خاصا تناو پیدا ہوا ، جب ایسی اطلاعات ملیں ، کہ امریکی فوجوں نے پاکستان کی سرحد کے اندر کارروائی کی۔