جارجیا کے بحران پر یورپ اور امریکہ کو متحد ہونے کی ضرورت ہے: وزیر خارجہ اٹلی
September 7, 2008
امریکی نائب صدر ڈک چینی اٹلی میں
اٹلی کے وزیر خاجہ نے کہا ہے کہ یورپی یونین جارجیا کے بحران سے نمٹنے کے لیے امریکہ کےساتھ مل کر کام کرناچاہتی ہے۔
وزیر خارجہ فرینکو فراٹینی کا یہ بیان اتوار کے روز اٹلی کی ایک اقتصادی کانفرنس میں امریکی نائب صدر ڈک چینی کے ساتھ ان کے مذاکرات کے بعد سامنے آیا۔فراٹینی نے کہا کہ وہ قفقاز کے بحران کے معاملے میں یورپ اور امریکہ کے درمیان قریبی مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر متفق ہوگئے ہیں۔
ہفتے کے روز نائب صدر ڈک چینی نے جارجیا میں روسی فوجی کارروائی کو تہذیبی معیاروں کی ناقابل یقین تک توہین قرار دیا تھا۔ انہوں نے مغربی اقوام پر زور دیا کہ وہ بقول ان کے وہ یورپ میں روسی کی بڑھتی ہوئی جارحانہ کارروائیوں کے خلاف متحد ہوجائیں۔
روسی صدر دمتری میدویدیف نے ہفتے کے روز ماسکو میں کہا کہ پچھلے مہینے جارجیا میں فوجی کارروائی کے بعد اب روس ایک ایسا ملک بن گیا ہے جس کی حیثیت کے بارے میں اب دنیا کو سوچنا ہوگا۔
توقع ہے کہ فرانسیسی صدر نیکولا سارکوزی پیر کے روز روس اور جارجیا جائیں گے۔توقع ہے کہ روس پر زور دیں گے کہ وہ فرانس کی سرپرستی میں ہونے والے فائربندی کے اس معاہدے پر عمل کرے جس پر اس نے پچھلے مہینے دستخط کیے تھے۔