منگل کو اسلام آبا د میں آصف علی زرداری کی بطور پاکستانی صدر حلف برداری کی تقریب میں افغان صدر حامد کرزئی بھی شرکت کریں گے۔ پاکستانی دفتر خارجہ نے حامد کرزئی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی تصدیق کی ہے۔
واضح رہے کہ افغان صدرحامد کرزئی کی جانب سے اتحادی افواج کو پاکستانی حدود میں کارروائیوں کے مشورے اور پاکستان مخالف بیانات کے بعدا فغانستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور ایسے وقت میں پاکستان کے نو منتخب صدر آصف علی زرداری کی تقریب حلف برداری میں حامد کرزئی کی شرکت کو مبصرین انتہائی اہم قرار دے رہے ہیں۔ توقع کی جارہی کہ افغان صدر اپنے دورہ پاکستان کے دوران آصف علی زرداری سمیت دیگر رہنماؤں سے پاک افغان تعلقات خاص طور پر دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بارے میں بھی بات کریں گے۔
یہ پہلی بار نہیں ہے افغان صدر حامد کرزئی پاکستان میں منعقد ہونے والی کسی اہم تقریب میں شرکت کر رہے ہیں بلکہ ماضی میں بھی سابق صدر پرویز مشرف کی دعوت پر کئی اہم تقریبات میں خصوصی مہمان کے طور پر شرکت کر چکے ہیں۔