وفاقی حکومت نے بیجنگ اولمپکس میں قومی ہاکی ٹیم کی شر مناک کار کر دگی کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی قائم کر دی ہے جس کے کنوینر سمندری سے رکن قومی اسمبلی رانا فاروق سعید کو بنایا گیا ہے جبکہ ارکان میں معروف اولمپئین عبد الوحید خان اور اولمپئین شہباز سینئر شامل ہونگے کمیٹی دو ہفتے میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی ۔
کمیٹی کی ذمہ داریوں میں بیجنگ اولمپکس میں قومی ہاکی ٹیم کی بد ترین کار کر دگی کی وجوہات کا جائزہ لینا قومی کھیل ہاکی کا معیار گر نے کی تحقیقات اور بہتری کیلئے سفارشات پیش کر نا شامل ہیں ۔کمیٹی ہاکی کے درخشاں ماضی کی واپسی کیلئے بھی حکمت عملی طے کر ے گی۔ پاکستان سپورٹس بورڈ اس کمیٹی کا سیکریٹیریٹ ہو گا ۔
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ چین میں ہونے والے اولمپکس میں پاکستان کی ہاکی ٹیم نے آٹھویں پوزیشن حاصل کی تھی اور قومی ہاکی ٹیم کی ناقص کار کر دگی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر سابق وزیر اعظم میر ظفر اللہ خان جمالی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں پہلے ہی قوم سے معافی مانگ چکے ہیں تاہم انہوں نے مستعفی ہونے سے انکار کردیا تھا جبکہ سلیکشن کمیٹی کے سربراہ اصلاح ا لدین صدیقی سمیت فیڈریشن کے متعدد عہدیدار مستعفی ہوگئے ہیں۔