شہنشاہِ جذبات دلیپ کمار دس سال کے طویل عرصے تک فلمی پردے سے دوررہنے کے بعد ایک بار پھر فلموں میں واپسی آ رہے ہیں۔ بالی وڈ کے نامور فلمساز سبھاش گھئی نے یہ بیان دے کر ہندی فلم انڈسٹری میں خوشی کی لہر دوڑا دی کہ وہ بہت جلد گزرے زمانے کے ٹریجیڈی کنگ دلیپ کمار کو لے کر ایک فلم بنائیں گے۔
واضح رہے کہ دلیپ کمار آخری مرتبہ 1998ء میں ریلیز ہوئی فلم ’قلعہ‘ میں نظر آئے تھے۔ اب دس سال کے وقفے کے بعد سبھاش گئی نے 86 سالہ دلیپ کمارکو اپنی فلم میں کام کرنے کے راضی کر لیا ہے۔ دلیپ کمار اِس سے قبل سبھاش گئی کی تین فلمیں وداھاتا، کرما اور سوداگرمیں کام کرچکے ہیں۔ بقول گھئی تقریبا دو سال سے وہ دلیپ کمار جیسے عظیم فنکار کو اپنی نئی فلم میں کام کرنے کے لیے راضی کرنے کی کوشش میں جٹے ہوئے تھے۔
سبھاش گھئی کو امید ہے کہ اس سال دسمبر تک فلم کا اسکرپٹ تیار ہو جائے گا جب کہ فلم کی عکس بندی اگلے سال شروع ہوگی۔ فلم کے نام پر اب تک کو ئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
ہندی فلم انڈسٹری کو جگنو، انداز، دیدار، دیوداس، مغلِ اعظم، مدھومتی، نیا دور، گنگا جمنا، رام اور شیام اور شکتی جیسی کئی بہترین فلمیں دینے والے دلیپ کمارکی اداکاری کے مداح بڑی بے چینی سے اُن کی فلموں میں واپسی کا انتظار کر رہے ہیں۔ سبھاش گھئی کی نئی فلم ایک ہلکی پھلکی کہانی پر مبنی ہوگی اور اس میں دلیپ کمار اہم کردار اد ا کریں گے۔