امریکہ میں صدارتی امیدواروں نے معاشی بحران سے عارضی طور پر نمٹنے کے لئے تجاویز پیش کی ہیں جبکہ کانگریس میں اقتصادی بحالی کے منصوبے پر بحث جاری ہے۔
ڈیموکریٹک سینٹر باراک اوباما اور ان کے حریف ری پبلکن سینٹر جان میک کین نے منگل کے روز تجویز پیش کی کہ بنکوں میں امریکی حکومت کی گارنٹی ایک لاکھ کے بجائے ڈھائی لاکھ ڈالر پرہونی چاہئے۔اور اسطرح چھوٹی سطح کے کاروبار استفادہ کر سکیں گے۔
اوباما اور میک کین دونوں نے قانون سازوں پر زور دیا کہ اگرچہ ایوانِ نمائندگان نے سات کھرب ڈالر منصوبے کو پیر کے روز مسترد کر دیا تھا، تاہم وہ معاشی بحالی کے منصوبے پر کام جاری رکھیں
مسٹر اوباما نے کہا کہ ان کے خیال میں نئے سرے سے اسکی منصوبہ بندی کارگر نہیں ہوگی۔
آئیوا میں سی این این سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر میک کین نے بھی کی کہا کہ قانون ساز اقتصادی بحران سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے منصوبہ بندی کر رہے ہیں مگر امریکی محکمہٴ خزانہ کو بنکوں کے قرضہ جات خرید لینا چاہئیں۔
ملک میں بڑھتی ہوئی کمزور معیشت صدارتی انتخابی مہم میں اولیت اختیار کرتی جا رہی ہے اور دونوں امیدوارامریکی ووٹ دہندگان کو یقین دلانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ ٹیکس گذاروں اور مکانوں کے مالکوں کی مشکلات کا مداوا کریں گے۔