بغداد میں دو امریکی ہیلی کاپٹر ٹکرا کر تباہ ہو گئے
October 4, 2008
امریکی فوج کا کہنا ہے کہ آج ہفتے کے روز دو امریکی ہیلی کاپٹر بغداد میں اُترتے ہوئے آپس میں ٹکرا کر تباہ ہو گئے۔
فوج کے مطابق اس حادثے میں ایک عراقی فوجی ہلاک،دوامریکی اور ایک عراقی فوجی زخمی ہو گئے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں ابھی تک معلوم نہیں ہوسکا کہ ہیلی کاپٹر پر کتنے افراد سوار تھے۔
ابھی تک یہ بھی واضح نہیں ہو سکا ہے کہ اس حادثے کی کیا وجوہات ہیں، تاہم دشمن کی جانب سے کسی فائرنگ کا شبہ نہیں کیا جا رہا ہے۔
اس سے تقریباً دو ہفتے قبل عراق میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر تباہ ہو چکا ہے ، جس میں سات فوجی ہلاک ہوئے تھے۔
عراق سے موصولہ ایک اور خبر یہ ہے کہ پولینڈ نے عراق سے اپنی افواج کا انخلا مکمل کر لیا ہے۔ پولینڈ کے 900 فوجی امریکہ کی زیرِ قیادت اتحادی فوج میں شامل تھے۔