بھارتی کشمیر میں ایک بار پھر کرفیو نافذ کر دیا گیا
یوسف جمیل سری نگر October 4, 2008
بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔
ہفتے کی رات کو پولیس اور نیم فوجی دستوں نے حفاظتی پابندیوں پر عمل درآمد کرانے کے لیے سڑکوں کا رُخ کرنا شروع کر دیا ہے۔
سرکاری عہدہ داروں کا کہنا ہے کہ کرفیو کا باضابطہ نفاذ اتوار کی صبح کو پانچ بجے سے ہوگا۔
پولیس نے سری نگر کے لال چوک کی ناکہ بندی کر دی ہے اور یہاں پر رکاوٹیں کھڑی کر کے لوگوں کی آمد و شد بند کر دی ہے۔
واضح رہے کہ اس مقام پر پیر کے روز ایک بڑا جلسہ ہونے والا تھا۔ اس جلسے کے مہتمم اور مشہور کشمیری لیڈر یاسین ملک کو پولیس نے ان کے گھر سے گرفتار کر لیا ہے۔
دوسری طرف کشمیر کی آزادی کی مہم چلانے والے کارکنوں کی گرفتاری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
یہ خبر بھی ملی ہے کہ سری نگر کے مقامی حکام نے ایک مقامی ٹی۔وی چینل کی نشریات پر پابندی لگا دی ہے