عراق میں امریکی چھاپے کے دوران عسکریت پسندوں سمیت11 افراد ہلاک
October 5, 2008
عراق میں امریکی فوج نے کہا ہے کہ ایک امریکی چھاپے کے دوران، جس میں ایک مشتبہ شورش پسند نے ایک خود کش جیکٹ کو دھماکہ سے اڑادیا تھا،تین عسکریت پسند، تین عورتیں اور تین بچے ہلاک ہوگئے۔
امریکی فوج نے کہا ہے کہ اتوار کے روزاس کے فوجی اس کے بعد فائرنگ کی زد میں آئے جب وہ موصل میں ایک ایسے مکان میں داخل ہوئے جس کے بارے میں خیال تھا کہ وہاں ایک مشتبہ دہشت گرد موجود ہے۔ اس کے بعد ایک عسکریت پسند نے ایک خود کش جیکٹ کو دھماکے سے اڑادیا۔
فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس چھاپے کے دوران تین عورتوں اور تین بچوں کے ساتھ ساتھ پانچ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ایک اور بچہ زخمی بھی ہوا۔ فوجیوں کو بعد میں عمارت سے ہتھیار اور دھماکہ خیز مواد ملا۔
ہفتے کے روز امریکی فوج نے کہا کہ دو امریکی بلیک ہاک ہیلی کاپٹرز عراقی دارالحکومت بغداد میں ایک اڈے پر اترتے ہوئے آپس میں ٹکرا گئے۔
فوج نے کہا ہے کہ اس حادثے میں ایک عراقی فوجی ہلاک اور دو عراقی فوجی اور تین امریکی فوجی زخمی ہوئے۔