روس نے جنوبی اوسیتیا کے علاقے سے اپنی چوکی ختم کردی
October 5, 2008
جارجیا میں یورپی یونین کے نگرانوں نے کہا ہے کہ انہوں نے الگ ہوجانے والے جنوبی اوسیتیا کے علاقے کے قریب ایک روسی پڑتالی چوکی کے انہدام کا مشاہدہ کیا ہے۔
روس نے کہا تھا کہ وہ فرانس کی ثالثی میں کرائے گئے فائر بندی کے معاہدے کےتحت دس اکتوبر تک جارجیا کے غیر متنازعہ علاقے کے اندر دو سیکیورٹی زونز سے اپنے فوجی واپس بلالے گا۔
گذشتہ بدھ کے روز روسی فوجیوں نے یورپی یونین کے نگرانوں کو جنوبی اوسیتیا کے ارد گرد واقع بفر زون میں داخلے کی اجازت دی تھی اگرچہ اس سے پہلے روس نے کہا تھا کہ نگرانوں کو علاقے کے دورے سے روکاجائے گا۔
یورپی یونین کے دوسو سے زیادہ امن نگرانوں نے فرانس کی ثالثی میں کرائی گئی فائر بندی کے تحت بدھ کے روز اپنا مشن شروع کیا تھا۔
فائر بندی کےاس معاہدے کےتحت روسی فورسز کو دس اکتوبرتک تمام بفر زونز سے مکمل طورپر نکلنا ہوگا۔ یورپی یونین کے عہدے داروں کا کہناہے کہ امن نگرانوں کو تمام جارجیا تک رسائی ہونی چاہیئے۔
ایک اور خبر کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ نہ پھٹنے والے بموں، لوٹ مار اور نسلی تشدد کی وجہ سے جارجیا کے باشندوں کو جنوبی اوسیتیا میں گھروں میں واپسی مشکل ہورہی ہے۔