پیلین کی جانب سے اوباماپر دہشت گردوں سے تعلقات کا الزام
October 5, 2008
ری پبلیکن نائب صدراتی امیدوار سارہ پیلین
ری پبلیکن نائب صدراتی امیدوار سارہ پیلین نے ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار براک اوباما پر دہشت گردوں کے ساتھ دوستانہ رویہ رکھنے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں امریکی ووٹروں کے لیے ناقابل قبول بنانے کی کوششوں میں اضافہ کردیا ہے۔
الاسکا کی گورنر پیلین نے اتوار کے روز اپنے الزامات کی بنیاد ایک اخبار میں الی نوئے میں اس وقت کالج کے ایک پروفیسر ولیم آئرز کے ساتھ سینیٹر اوباما کے تعلقات کے بارے میں چھپنے والی اس خبر کو بنایا۔
چالیس سال قبل آئرز نے ویت نام کی جنگ کی مخالف خفیہ امریکی عسکریت پسند تنظیم کی تشکیل میں مدد کی تھی۔ اس تنظیم نے امریکی سرکاری عمارتوں پر بم دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
1990ء کی دہائی میں اوباما اور آئرز دونوں نے مل کر شکاگو کے اسکولوں میں ایک پراجیکٹ اور ایک فلاحی بورڈ میں کام کیا تھا۔ ڈیموکریٹک سینیٹراوباما آئرز کی انتہاپسند سرگرمیوں کی مذمت کرچکے ہیں۔
اوباما کی انتخابی مہم نے پیلین کے تبصروں کو جارحانہ قرار دیتے ہوئے ان پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ووٹروں کی توجہ ملک کے اقتصادی مسائل سے ہٹانے کی کوشش کررہی ہیں۔