پیر کے روز حصص کی عالمی مارکیٹوں میں مندی کا رجحان
October 6, 2008
پیرس کے سٹاک ایکس چینچ میں سرمایہ گار گرتی ہوئے حصص کا مشاہدہ کر رہے ہیں
پیر کے روز دنیا بھر میں اسٹاک مارکیٹیں ان خدشات کے باعث بری طرح گر گئیں کہ
امریکہ کے قرضوں کا بحران پھیل رہا ہے اور جلد ہی یورپ کے مزید بڑے بینکوں کو اپنی
لپیٹ میں لے سکتا ہے۔
صبح کے وقت امریکہ کے بڑے سٹاک انڈیکس دو فی صد سے زیادہ گرے، جب کہ یورپ کے
بڑے انڈیکس دن کے دوران ایک موقعے پر پانچ فی صد سی بھی نیچے گر گئے تھے۔
ایشیا میں جاپان کا نکئی انڈیکس چار سال میں اپنی کم ترین سطح پر پہنچ گیا اور
ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ کاانڈکس تقریباً پانچ فی صد گرگیا۔
روس کی بڑی اسٹاک ایکس چینج میں15 فی صد سے زیادہ کمی کےبعد کاروبار عارضی طورپر بند ہوگیا۔
مجموعی معیشت کے بارے میں خدشات کے سبب تیل کی قیمتیں بھی گرگئیں اور نیویارک
الیکٹرانک سودوں کے دوران آٹھ ماہ میں کم ترین سطح یعنی 90 ڈالر فی بیرل سے بھی کم
ہوگئیں۔
امریکی مرکزی بینک نے پیر کے روز اعلان کیا کہ وہ بینکوں کے لیے قرضوں کی
فراہمی کو آسان تر بنانے کی کوشش میں اضافی اقدامات کررہا ہے۔
سرمایہ کاروں کو کئی ہفتوں سےیہ خدشہ لاحق ہے کہ جمعے
کو منظور ہونے والا 700 ارب ڈالر کا امریکی امدادی پروگرام عالمی اقتصادی بحران کو
دور کرنے میں کوئی خاص مدد نہیں کرسکے گا۔