برما میں چینی دودھ کی مصنوعات کو مارکیٹ سے ہٹا دیا گیا
October 10, 2008
برما کے حکام نے کہا ہے کہ درآمد کیے جانے والےدودھ اور بچوں کے لیے خشک دودھ فارمولا میں وہ صنعتی کیمیکل موجود ہے جس کا تعلق چینی مصنوعات کے حالیہ حفاظتی اسکینڈل سے ہے۔
سرکاری اخبار ’نیولائٹ آف میانمر‘ نے لکھا ہے کہ 16 میں نو مصنوعات میں میلامین نامی کیمیکل کی نشاندہی ہوئی ہے۔
وزارت صحت نے ان آلودہ مصنوعات کو ضائع کردیا ہے اور دوسری مصنوعات کو مارکیٹ سے ہٹا دیا ہے۔ وزارت نے دودھ کی دوسری مصنوعات کی درآمد بھی عارضی طور پر معطل کردی ہے۔
میلامین سے آلودہ خشک دودھ پینے سے 50 ہزار سے زیادہ چینی بچے بیمار پڑ چکے ہیں جن میں چار ہلاک ہوگئے تھے۔جب کہ دس ہزار بچے ابھی تک اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
میلامین بنیادی طورپر پلاسٹک، کھاد اور کچھ دوسری چیزوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔ حکام کا خیال ہے کہ اسے دودھ میں اس لیے شامل کیا گیا تھا کہ یہ ظاہر کیا جا سکے کہ دودھ میں پروٹین کی بڑی مقدار موجود ہے۔