 |
| بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ |
بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ نے جمعے کے روزبھار ت کے زیر انتظام کشمیر میں متنازعہ بگلہیار ڈیم کا افتتاح کیاہے ۔ ضلع ڈوڈہ میں تقریباًایک ارب ڈالر کی لاگت سے دریائے چناب پر تعمیر ہونے والا بگلہیار ڈیم 450 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ڈیم کا افتتاح کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی پیدوار سے کشمیر میں ترقی کا عمل تیز ہو گا ۔ واضح رہے کہ پاکستان بگلہیارڈیم کی تعیمر کی مخالفت کرتا آیا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ ڈیم کے ڈائیزین کے حوالے سے بھارت نے بعض اعتراضات ابھی بھی دور نہیں کیے۔پاکستان یہ بھی الزام عائد کر رہا ہے کہ بھارت نے 1960 میں دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بگلہیار ڈیم سے دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں کمی کی ہے جس سے اُس کے زرعی شعبے کو سخت نقصان پہنچا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے اس مسئلے پر سفارتی ذرائع سے اب تک جو احتجاج کیا ہے اُس کے جواب میں بھارت کے انڈس واٹر کمشنر نے معاملات کو حل کرنے کے لیے اپنے پاکستانی ہم منصب کو بگلہیار ڈیم کامعائنہ کرنے کی دعوت دی ہے جو 18 اکتوبر کویہ دورہ کریں گے۔دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اس مسلے کے حل تک اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔