پاکستان اور ایران گیس پائپ لائن کے معاہدے پر متفق ہوگئے
October 10, 2008
پاکستان اور ایران قدرتی گیس کی ترسیل کے لیے ساڑھے سات ارب ڈالر مالیت کی پائپ لائن بچھانے پر متفق ہوگئے ہیں۔ مجوزہ 2600 کلومیٹر لمبی پائپ لائن پاکستان کے راستے ایران سے بھارت تک جائے گی۔
جمعے کے روز اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ منوچہر متکی نے کہا کہ ملٹی بلین ڈالر کے اس پراجیکٹ میں دونوں ممالک بھارت کی شرکت کا خیرمقدم کریں گے۔
امریکہ ایران کے متنازع جوہری پروگرام اور دہشت گردی کی مبینہ حمایت کی بنا پر اسے تنہا کرنے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر پائپ لائن منصوبے کی مخالفت کرتا ہے۔
بھارت اپنی توانائی کی ضروریات کا 70 فی صد سے زیادہ درآمد کرتا ہے مگر بھارتی عہدے داروں نے ابھی تک یہ نہیں کہا کہ آیا وہ اس پراجیکٹ میں شامل ہوں گے۔ بعض بھارتی عہدے دار پاکستان کے راستے گیس پائپ لائن پر سیکیورٹی کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کرچکے ہیں۔