جوہری تصدیقی معائنے کے بدلے، امریکہ نے شمالی کوریا کودہشت گرد فہرست سے ہٹا دیا
October 11, 2008
اپنی جوہری تنصیبات کے تصدیقی معائنے کی اجازت دینے کے بدلے، امریکہ نے ہفتے کے روز شمالی کوریا کو دہشت گردی کی اعانت کرنے والے ملکوں کی فہرست سے الگ کر دیا ہے۔تصدیق کرنے کے اِس منصوبے کے تحت امریکہ اور دوسرے گروہ اِس کمیونسٹ ملک کے تخفیفِ اسلحہ کی جانچ پڑتال کر سکیں گے۔
امریکی محکمہ ٴ خارجہ نے ہفتے کی صبح اِس معاہدے کی تفاصیل کا اعلان کیا۔اِس سے قبل، چھ ملکی مذاکرات میں کل امریکہ اور دوسرے ممالک کے مابین مفصل بات چیت ہوئی۔
اِس فیصلے سے پہلے شمالی کوریا کے ساتھ معاہدہ طے پایا تھا جِس کے تحت شمالی کوریا نے معائنے کے حوالے سے امریکہ کے تمام مطالبات مان لیے تھے۔
معاہدے کی شرائط کے مطابق، شمالی کوریا دونوں پلوٹینیم اور یورینیم کے فروغ سے متعلق منصوبوں اور جوہری افزودگی کی کارروائیوں کو تجزئے کے لیے کھول دے گا۔
چھ ملکوں کے ماہرین بین الاقوامی جوہری توانائی کے ادارے آئی اے اِی اے کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، جن کو توثیق کی کارروائیوں میں شرکت کی اجازت ہوگی۔
اِس سے پیشتر رواں سال شمالی کوریا نے اِس بات پر رضامندی کا اظہار کیا تھاکہ وہ معاشی اور توانائی کی امداد کے بدلے اپنے یانگ بیون کی کلیدی جوہری تنصیب کو ناکارہ بنا دے گا۔
لیکن، چھ ملکی مذاکرات میں اُس وقت تعطل پیدا ہوا جب امریکہ نے شمالی کوریا کو دہشت گرد فہرست سے ہٹانے سے انکار کردیا۔