 |
| جماعت اسلامی کے امیر قاضی حسین احمد |
جماعت اسلامی نے ملک کی موجودہ سیاسی اور اقتصادی صورت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے اور عوام کو متحرک کرنے کے لیے منگل کو پشاور سے ٹرین مارچ کا آغاز کیا ہے جو نو اکتوبر کو کراچی میں اختتام پذپر ہوگا۔اس ٹرین مارچ کی قیادت جماعت اسلامی کے امیر قاضی حسین احمد کر رہے ہیں۔ منگل کے روز ٹرین مارچ کے راولپنڈی پہنچنے پر خطاب کرتے ہوئے قاضی حسین احمد نے الزام عائد کیا کہ کرم اور خیبرایجنسی سمیت قبائلی علاقوں میں بننے والے لشکر در حقیقت اپنے ہی لوگوں کو آپس میں لڑانے کی سازش ہے جو ان کے بقول امریکہ کے کہنے پر کی جارہی ہے۔
قاضی حسین احمد نے باجور اور وزیرستان میں فوجی آپریشن اور میزائل حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ اس کے نتیجے میں لاکھوں افراد در بد ر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں قاضی حسین احمد نے کہا کہ 25,24اور 26اکتوبر کو مینار پاکستان لاہور میں ایک بڑے اجتماع کا انعقاد کیا جائے گا جس کا مقصد ملکی ترقی کے لیے عوام کو متحرک کرنا ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں بعض قبائلی علاقوں میں مقامی لوگوں نے حکومت کی حمایت سے طالبان کے خلاف لشکر بنائے ہیں اور حکومت کا کہنا ہے کہ ان لشکر کی تشکیل اس بات کا مظہر ہے کہ یہاں کے عوام دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں حکومت کے ساتھ ہیں۔
جماعت اسلامی کے ترجمان نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مارچ کے آغاز میں قاضی حسین احمد نے پشاور میں اجتماع سے خطاب کیا اور وہ کراچی تک مختلف ریلوے سٹیشنوں پر عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ باجوڑ اور وزیر ستان کی صورت حال سمیت مہنگائی ایسے تمام معاملات کے بارے میں عوام کو آگاہ اور متحرک کرنے کے لیے یہ مارچ کیا جا رہا ہے۔