لکڑی سے کشتیاں بنانا ایک قدیم فن ہے اور بہت سے امریکی نوجوان یہ فن سیکھ رہے ہیں۔ امریکی دارلحکومت واشنگٹن ڈی سی کے قریب ایک ادارہ اس سلسلے میں انہیں مدد اور راہنمائی فراہم کررہا ہے۔دریائے پوٹامک کے کنارے الیگزینڈریا میں اس ادارے کا مرکز قائم ہے اور اس کا ماٹو ہے کہ چھوٹی کشتیوں کے ساتھ بڑے کام کرنا۔
جویوکا سی پورٹ فاؤنڈیشن سے منسلک ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام ان نوجوانوں کے لیے شروع کیا گیا ہے جنہیں معاشرے میں اپنی جگہ بنانے میں دشواری کا سامنا ہے۔ یہ وہ نوجوان ہیں جویا تو اپنی تعلیم ادھوری چھوڑ چکے ہیں یا پھر جرائم کی دنیا میں جاکر سزا کاٹ چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ادارے میں ہم نوجوانوں کو جو کچھ سکھاتے ہیں وہ ہر ہنر کے لیے راہنما اصولوں کا درجہ رکھتے ہیں۔ یعنی پراجیکٹ کا منصوبہ کیسے بنایا جاتا ہے اور اس کی دیگر جزیات کیا ہوتی ہیں اورکام کا آغاز کیسے کیا جاتا ہے اور وقت کی پابندی کرنی ہے۔
جویوکا کا کہنا ہے کہ یہ ادارہ معاشرے کے ٹھکرائے ہوئے نوجوانوں کو معاشرتی زندگی کے دھارے میں واپس لانے کے لیے کام کررہا ہے۔ انہیں ہنر سکھانے کے ساتھ ساتھ ان اصولوں پر چلنے کی ترغیب بھی دی جاتی ہے جو معاشرے میں ایک کامیاب زندگی گذارنے کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔