اقوامِ متحدہ کے تجارتی ترقی کے ادارے نے کہا ہے کہ ترقی پذیر ممالک کی معاشی شرحِ نمو میں تیزی سے ترقی ہوئی ہے تاہم انھیں ممکنہ خطرات سے ہوشیار رہنا چاہیئے۔
آج بدھ کے روز شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں ادارے نے کہا ہے کہ غریب ممالک میں اشیائے صرف کی قیمتیں تجارت میں تیزی لانے اور شرحِ ترقی میں اضافے کا باعث ہیں۔ تاہم رپورٹ کے مطابق امریکی ہاؤزنگ (رہائشی تعمیرات)کے شعبے میں پیدا ہونے والے مسائل کی وجہ سے عالمی معیشت غیر محفوظ ہے۔
اقوامِ متحدہ کے ادارے نے صلاح دی ہے کہ ترقی پذیر ممالک امیر ممالک کے ساتھ دوطرفہ معاہدوں سے گریز کریں، اور اپنے علاقے میں ایسے ممالک کے ساتھ ربط بڑھائیں جن کی معاشی ترقی ان کے مماثل ہو۔
اس سے قبل آج پیرس میں واقع معاشی تنظیم او ای سی ڈی نے امریکی معیشت اور یورو استعمال کرنے والے ممالک کے لیے اپنی پیش گوئی کم کر دی ہے۔ جس کی وجہ تنظیم نے عالمی منڈی میں تیز اتار چڑھاؤ بتائی ہے۔