 |
|
بے نظیر بھٹو |
معلوم ہوا ہے کہ بالی وڈ کی کئی شخصیات پاکستان کی سابق وزیرِ اعظم بے نظیر بھٹو کی زندگی پر فلم بنانے میں دل چسپی رکھتی ہیں۔
بے نظیر بھٹو کی اندوہ ناک ہلاکت نے جہاں اُن کے بھارتی پرستاروں کو صدمے سے دوچار کیا ہے، وہاں فلمی حلقے بھی ہمدردی اور تشویش کی کیفیت سے دوچار ہیں۔
اطلاعات کے مطابق مشہور پاکستانی مصنف طارق علی نے منجھی ہوئی بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی کو بے نظیر بھٹو کا کردار پردہٴ سیمیں پر نبھانے کی پیش کش کی ہے۔
شبانہ اعظمی نے بتایا ہے کہ اُنہوں نے کئی سال پہلے طارق علی کی فلم سائن کی تھی، تاہم سیاسی پیچیدگیوں کی وجہ سے یہ فلم شروع نہیں ہو پائی۔
شبانہ اعظمی کا کہنا ہے کہ اُن کے اور بے نظیر بھٹو کے درمیان خصوصی رشتہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اُن کو آج بھی وہ دِن یاد ہے جب کئی سال پہلے ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران وہ بے نظیر کی کتاب ’دخترِمشرق‘پڑھ رہی تھیں اور جیسے ہی کتاب کا آخری صفحہ ختم ہوا، اُن کو یہ خبر ملی کہ بے نظیر پاکستان کی وزیرِ اعظم بن چکی ہیں۔
علاوہ ازیں بے نظیر کے ایک قریبی دوست نے فلم ساز مہیش بھٹ سے رابطہ قائم کرکے بے نظیر کی زندگی پر فلم بنانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
اِس حوالے سے اب تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، تاہم مہیش بھٹ پُر امید ہیں کہ اُنہیں بے نظیر بھٹو کی زندگی پر فلم بنانے کا موقع ضرور ملے گا۔