 |
|
صدر پرویز مشرف ( فائل فوٹو) |
سرکاری میڈیا کے مطابق صدر مشرف نے آج منگل کے روز سکات لینڈ یارڈ کی تفتیشی ٹیم سے ملاقات کی اور انہیں یقین دلایا کہ پاکستانی تفتیشی اداروں کی جانب سے انہیں بھرپور امداد اور تعاون فراہم کیا جاتا رہے گا۔
صدر مشرف نے کہا کہ ان کی حکومت نے سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کی سربراہ بے نظیر بھٹو کے قاتلوں کا پتہ چلا کر مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عزم کر رکھا ہے۔
برطانوی تفتیشی ٹیم نے صدر کو بتایا کہ مکمل تحقیق کر کے سابق وزیر اعظم کی ہلاکت سے متعلق تمام حقائق سامنے لائے جائیں گے۔
دوسری طرف وزارتِ داخلہ کے ترجمان جاوید اقبال چیمہ نے ہفتہ وار نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کے قتل سے متعلق تفتیش میں پیش رفت ہو رہی ہے اور اس کے نتائج عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔ تاہم انہوں نے مزید تفصیل بتانے سے گریز کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ اسکاٹ لینڈ کی ٹیم جس قدر جلد ہو تفتیش مکمل کر کے نتائج سامنے لے کر آئے ۔
ایک سوال کے جواب میں وزارتِ داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ برطانوی ٹیم پاکستانی تفتیشی اداروں کے ساتھ مل کر ہر زاویے سے تحقیق کر رہی ہے۔ انہیں تحقیق و تفتیش کی مکمل آزادی ہے اور ان پر کوئی پابندی نہیں ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ٹیم جب اپنا کام مکمل کر لے گی تو بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بارے میں تمام حقائق سب سامنے آجائیں گے۔