 |
| گورنر سندھ نے جسٹس انور ظہیر جمالی سے حلف لیا |
سندھ ہائی کورٹ کے آٹھ معزول ججوں نے بحالی کے بعد اپنے عہدوں کا حلف لے لیا ہے۔ تین نومبر 2007ء کو ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد معزول کئے گئے سندھ ہائی کورٹ کے ان آٹھ ججوں کی بحالی کا نوٹیفیکیشن وزارت قانون نے بدھ 27 اگست کو جاری کیا، جس کے تحت جسٹس انور ظہیر جمالی کو سندھ ہائی کورٹ کا نیا چیف جسٹس مقرر کیا گیاہے۔
خیال رہے کے رواں ماہ کے آغاز میں وزارت قانون کی جانب سے ان ججوں کی تقرری کے لیے بھیجی جانے والی سمری پر اس وقت کے صدر پرویز مشرف نے دستخط کیے تھے، تاہم مسلم لیگ نواز کی مداخلت پر وزارت قانون نے ان ججوں کی بحالی کو روک دیا تھا۔
سندھ ہائی کورٹ کے بحال ہونے والے ان ججوں میں جسٹس انور ظہیرجمالی،جسٹس امیرہانی مسلم،جسٹس خلجی عارف حسین،جسٹس سجاد علی شاہ،جسٹس ظفرشیروانی،جسٹس سلمان انصاری اور جسٹس عبدالرشید کلوڑ شامل ہیں۔
سپریم کورٹ کے معزول چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سمیت معزول ججوں کی بحالی کے لیے سرگرم وکلاء تحریک کے رہنماؤں نے ان ججوں کی بحالی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے معزول ججوں کی بحالی کی تحریک پر اچھے اثرات نہیں پڑیں گے۔وکلاء تحریک کے رہنماؤں کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے بحال ہونے والے ان جج صاحبان نے اپنے ساتھیوں کو بیچ منجھدار چھوڑ دیا ہے۔