میں جب بچپن میں ریڈیوپاکستان کی نشریات سنتی تھی تو
اس وقت میں نے یہ سوچا تک نہ تھا کہ ایک دن ریڈیو پر نشر ہونے والی آوازوں میں میری آواز بھی شامل ہو گی۔ لیکن کمیونیکیشن اور میڈیا سے منسلک موضوعات میں دلچسپی ضرور پیدا ہو گئی۔ کنیرڈکالج سے ماس کمیونیکیشن کالج کی پڑھائی کے ساتھ میں نے اخبار دی نیشن کے ساتھ کام شروع کیا اور ساتھ ہی لاہور قائم ایک غیر سرکاری تنظیم ’وژن‘کے ساتھ میڈیا ایڈوائزر کے طور پر بطورِ رضاکار کام کرتی رہی۔ وژن کے ساتھ مل کر میں نے چند ڈاکومنٹری فلموں پر بھی کام کیا۔ 2002ء میں امریکہ آگئی جہاں سے فلم اور بصری میڈیا میں تعلیم حاصل کی۔
جب 2004ءمیں میراتعلق ریڈیو آپ کی دنیا سے استوار ہواتو ایسامعلوم ہواجیسے بچپن کے کسی دوست سے ملاقات ہورہی ہو۔ جب میں اپنے پروگرام کرتی ہو تومجھے ایسالگتا ہے جیسے فاصلوں کی حدوں کو توڑ کرمیرااپنے لوگوں سے رابطہ ہو رہا ہے۔ مجھے خیال آتا ہے کہ شاید کہیں کوئی بچی بھی سن رہی ہو جس کے دل میں ابلاغیات اور میڈیا کے موضوعات میں دلچسپی پیدا ہو رہی ہو۔