 |
امریکہ کی دونوں جماعتوں کے صدارتی امیدوار آمنے سامنے
|
نومبر میں امریکہ میں ہونے والے صدارتی انتخاب کے سلسلے میں ڈیموکریٹ پارٹی کے صدارتی اُمیدوار براک اوباما اور رپبلکن پارٹی کے امیدوار جان میک کین کے مابین پہلا مباحثہ امریکی ریاست میسسپی میں ہوا۔90منٹ کے اس مباحثے میں خارجہ پالیسی اور امریکی معیشت پر دونوں امیدواروں نے اپنی ترجیحات کا ذکر کیا۔ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے ڈیموکریٹ پارٹی کے صدارتی اُمیدوار اوباما نے کہا کہ ماضی میں امریکہ نے پاکستانی عوام کی خواہشات کے برعکس سابق صدر پرویز مشرف سے تعلقات رکھے، جس کے باعث پاکستانی عوام تنہا ہو گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر پاکستان اپنی جانب القائدہ کے رہنماؤں کے خلاف کاروائی نہیں کرتا توپھر امریکہ کو ایسا کرنا چاہیے۔
جب کہ ریپبلکن پارٹی کے صدارتی اُمیدوار جان میک کین نے کہا کہ باراک اوبامہ کو سر عام پاکستان پر حملے کی باتیں نہیں کرنی چاہیں اُنہوں نے کہا کہ افغانستان میں جنگ جیتنے کے لیے پاکستان کی مدد ضروری ہے اور امریکہ کو پاکستان کی مدد جاری رکھنی چاہیے۔
امریکہ کے دونوں صدارتی امیدواروں کے درمیان عراق جنگ کے حوالے سے بھی واضح تضاد نظر آیا۔ براک اوبامااور جان میک کین کے درمیان صدارتی انتخاب سے قبل دو مزید مباحثے ہوں گے جن میں سے دوسرا مباحثہ7 اور تیسرا15 اکتوبر کو ہو گا۔