پاکستان اور ایران دنیا کے خطرناک ترین ملک ہیں: پیلن بائیدن مباحثہ
October 3, 2008
امریکی نائب صدارتی امیدواروں سارہ پیلن اور جو بائیڈن کے درمیان اب سے کچھ دیر پہلے گرما گرم مباحثہ ہوا جس میں انھوں نے معیشت اور خارجہ پالیسی پر بحث و تمحیص کی۔ یہ دونوں امیدواروں کے درمیان ہونے والا پہلا اور واحد مباحثہ ہے۔
ریاست مزوری کے شہر سینٹ لوئیس میں ہونے والی اس ڈیڑھ گھنٹا طویل بحث کا شدت سے انتظار کیا جا رہا تھا۔ دونوں امیدواروں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور ایران دونوں انتہائی خطرناک ملک ہیں۔ جو بائیڈن نے کہا کہ دہشت گردی کا اصل سرچشمہ عراق نہیں بلکہ پاکستان اور افغانستان کی سرحد ہے اور یہی وہ علاقہ ہے جہاں سے امریکی سرزمین کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
پیلن نے کہا کہ ان کا ریکارڈ اصلاحات نافذ کرنے کا ہے اور انھوں نےبہ طور سابق میئر اور حالیہ گورنر ٹیکسوں میں کٹوتی کی ہے۔ انھوں نے اپنے صدارتی امیدوار جان میک کین کے بارے میں کہا کہ وہ غیر جانب دار اور اصلاح پسند ہیں۔ تاہم ان کے حریف جو بائیڈن نے کہا کہ میک کین نے جب کہا کہ امریکی معیشت کی بنیاد مضبوط ہے تو اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ حالات سے بے خبر ہیں۔
خارجہ پالیسی کے بارے میں پیلن نے کہا کہ ان کے حریف عراق سے فوجوں کی واپسی کا نظام الاوقات مقرر کر کے پسپائی کا جھنڈا بلند کرنا چاہتے ہیں۔ جب کہ جو بائیڈن نے کہا کہ میک کین عراق جنگ کی پیش رفت کے بارے میں مکمل طور پر غلط تھے جب کہ اوباما جنگ کی مخالفت کرنے میں حق بہ جانب تھے۔ دونوں مقررین نے اسرائیل کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اس کی مدد جاری رکھیں گے۔